نئی دہلی، 10؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )شہر میں غیر قانونی تعمیر ہونے دینے کے لیے دہلی ہائی کورٹ نے میونسپل کارپوریشنوں کی جم کر تنقید کی۔عدالت نے کارپوریشنوں کی ہدایت دی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ایسے غیر قانونی ڈھانچے شہر میں کسی بھی حالت میں کھڑے نہ ہونے پائیں۔ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جی روہنی اور جج سنگیتا ڈھینگرا سہگل کی بنچ نے کارپوریشنوں سے کہاکہ شہر میں کئی سارے غیر قانونی ڈھانچے کھڑے ہیں۔آپ نے ان کی تعمیر کس طرح ہونے دی ؟ آپ کسی کو بھی اتنے بڑے ڈھانچے بنانے کی اجازت کیسے دے سکتے ہیں؟ بنچ نے انہیں اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی کہ شہر میں کہیں بھی غیر منظورشدہ تعمیر نہیں ہونے پائے ۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے جنوبی دہلی کے ایک رہائشی کی طرف سے دائر کی گئی غیر منظورشدہ تعمیر کو ہٹانے کی درخواست کاتصفیہ کیا۔اپنے دفاع میں کارپوریشنوں نے کہا کہ غیر منظورشدہ تعمیرات کے خلاف وہ مرحلہ وار طریقے سے کارروائی کر رہے ہیں۔وجہ بتاؤ نوٹس جاری کئے جا رہے ہیں اور سیلنگ کی جا رہی ہے لیکن اس کے ذمہ دار لوگ نئی نئی ایسے تعمیرات کھڑی کرتے جا رہے ہیں۔کارپوریشنوں نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے غیر قانونی تعمیرات پر نظر رکھنے کے لیے پولیس سے بھی مدد مانگی ہے۔